کوٹری: کوٹری کے قریب دو مال بردار ریل گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کراچی اور پنجاب کے درمیان ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی ہے۔
کوٹری کے قریب میٹنگ اوربھولاری پل کے درمیان جامشورو تھرمل پاور پلانٹ کو تیل پہنچانے والی مال گاڑی کو کراچی سے لاہور جانے والی مال گاڑی نے عقب سے ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اترکرالٹ گئیں اور بوگیوں میں موجود 150 ٹن سے زائد تیل بہہ گیا۔
حادثے میں ٹریک کے بڑے حصے کو بھی نقصان پہنچا ہے اور کراچی اور پنجاب کے درمیان ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی ہے۔ ریلوے کی ریسکیو ٹیمیں ٹریک کی بحالی میں مصروف ہیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ واقعہ لاہور جانے والی مال گاڑی کے ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ ہے، تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے کلاف قانوی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔