ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے ایپل اور سام سنگ پر وار کرتے ہوئے نہ صرف جدید ترین سمارٹ فون ’پکسل‘متعارف کرا دیئے ہیں، ساتھ ہی اپیل کے ایئربڈز کے مقابلے میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے حامل جدید ترین سمارٹ ہیڈفونز ’’پکسل بڈز‘‘ بھی متعارف کرا دیئے ہیں جو براہِ راست کئی زبانیں ترجمہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔
یہ ہیڈ فونز بنیادی طور پر گوگل اسسٹنٹ کی معاونت سے استعمال کیے جا سکیں گے۔ گوگل کی جانب سے ان ہیڈفونز کی ابتدائی قیمت 149 امریکی ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ گوگل کی جانب سے یہ ہیڈفونز اسٹیج پر ایک تقریب کے دوران متعارف کرائے گئے۔
شرکاء نے کمپنی کے دو ملازمین کو آپس میں بات کرتے ہوئے دیکھا، ان میں سے ایک انگریزی جبکہ دوسرا سوئیڈش زبان بول رہا تھا اور دونوں ہی ایک دوسرے کی بات باآسانی سمجھ رہے تھے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے یہ ہیڈفونز براہِ راست کئی زبانیں ترجمہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یہ ہیڈفونز استعمال کرنے کا والا شخص انگلی کی مدد سے ہیڈفونز کو چھو کر اسے بتا سکتا ہے کہ وہ میوزک سننا چاہتا ہے، فون کال کرنا یا پھر کہیں بھی جانے کیلئے گوگل میپ سے ہدایت لینا۔ لینگوئج ٹرانسلیٹ موڈ کی مدد سے وہ کسی بھی ایسے شخص کی بات سمجھنے کی صلاحیت بھی حاصل کرلیتا ہے جس کی زبان اسے نہیں آتی۔
کمپنی کے مطابق یہ وائرلیس ہیڈفونز نہ صرف سماعت کیلئے بہترین ہیں بلکہ موسیقی کا بہترین لطف حاصل کرنے کیلئے بھی یہ پراڈکٹ شاندار ہے۔ کمپنی کے پراڈکٹ مینیجر کا کہنا ہے کہ تصور کریں کہ آپ اٹلی میں ہیں اور کسی بھی ہوٹل پر آپ ایک اطالوی شخص کی طرح پیزا یا پاستا آرڈر کرنا چاہتے ہیں، کرنا صرف یہ ہے کہ ہیڈفونز کو چھو کر گوگل اسسٹنٹ کو حکم دیں کہ ’’اطالوی بولنے میں میری مدد کرو‘‘، جیسے ہی آپ انگریزی میں کہیں گے کہ مجھے بہترین پیزا چاہئے، تو آپ کے گوگل پکسل فون کا اسپیکر از خود فعال ہو جائے گا اور اطالوی زبان میں آپ کی کہی ہوئی بات ترجمہ کرکے سنائے گا اور اطالوی ہوٹل کا ویٹر اپنی ہی زبان میں بات سمجھے گا، جیسے ہی وہ ویٹر جواب دے گا وہ پکسل بڈز اس کے کہے ہوئے اطالوی جملے کو آپ کے کان میں براہِ راست انگریزی زبان میں ترجمہ کر کے سنائے گا۔
پکسل بڈز تین رنگوں، کالے، سفید اور نیلے، رنگ میں دستیاب ہیں۔ پکسل بڈز کو جلد ہی کینیڈا، جرمنی، آسٹریلیا اور سنگاپور میں نومبر میں فروخت کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔