اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کلب سسیکس کی جانب سے کی جانے والی ادائیگیوں کا ریکارڈ آ گیا ہے جسے جلد سپریم کورٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ساری منی ٹریل عدالت عظمیٰ میں پیش کی جائے گی، منی ٹریل میں سسیکس کی جانب سے کی جانے والی ادائیگیوں کا بینکنگ ریکارڈ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ لندن کے فلیٹ کی ادائیگیوں کا سارا بینکنگ ریکارڈ بھی موجود ہے، کیری پیکر کے جانب سے کی گئی ادائیگیوں کا بینکنگ ریکارڈ بھی آ گیا ہے اور اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی مل گئی ہیں جنہیں جلد سپریم کورٹ میں پیش کردیا جائے گا۔
سپریم کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی اور کیس کی گزشتہ سماعت میں عدالت نے عمران خان سے بیرون ملک کرکٹ سے ہونے والی آمدن کی مکمل تفصیلات طلب کی تھیں، عدالت نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان بارہا عدالتی احکامات کے باوجود اپنی منی ٹریل کی دستاویزات جمع نہیں کروا رہے۔