اسلام آباد: وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ حکومت کا مفت میں پاکستان پیسہ بھیجنے کی سہولت متعارف کروانے کا اعلان، ایسی سہولت متعارف کروائی ہے جس کے بدولت بیرون ممالک مقیم پاکستانی بذریعہ پاکستان پوسٹ بنا کسی فیس اور ٹیکس کے رقوم پاکستان بھیج سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے شاندار سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ مراد سعید کا کہنا ہے کہ ہم نے الیکٹرانک منی آرڈر متعارف کرایا جس کے تحت بیرون ممالک مقیم پاکستانی 50ہزار روپے تک کی رقم اسی روز پاکستان پوسٹ کے عملے کے ذریعے اپنے گھر کی دہلیز تک پہنچا سکتے ہیں۔ مراد سعید کا کہنا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں پوسٹل سروسز میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے آتے ہی اس کی بہتری کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ مشکل وقت ضرور گزرا تاہم ہم نے دن رات محنت کر کے بہتری لائی۔ ہم نے الیکٹرانک منی آرڈر متعارف کرایا جس کے تحت 50 ہزار روپے تک کی رقم اسی روز پاکستان پوسٹ کا عملہ دہلیز تک پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ای کامرس کی طرف جانا ہے، ٹریکنگ سسٹم کے لئے ہم نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائیں جس میں اب تک 50ہزار تک افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈ ان پاکستان مصنوعات دنیا میں کہیں بھی پہنچانے کیلئے آئندہ 6 ماہ میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ میں ای ایم ایس پلس شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے ہر سال حوالہ، ہنڈی یا دیگر غیرقانونی ذرائع سے 20 ارب روپے پاکستان بھجوائے جا رہے ہیں، اس حوالے سے ہم نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک کو بریفنگ دی ہے کہ پاکستان پوسٹ پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے بینک کے ذریعے بھجوائی جانے والی رقم مفت ان کے گھرو ںتک پہنچائے گا۔ اس ضمن میں سٹیٹ بینک اور نیشنل بینک نے ہماری تجویز سے اتفاق کیا ہے ۔ اس کے لئے بائیو میٹرک کا عمل ہونا ہے جس پر ایک ماہ لگے گا۔