مالی سال 15-2014 کے مقابلے میں مالی سال 16-2015 میں ٹیکس فائلرز کی تعداد اب بھی 36 ہزار سے کم ہے۔
کراچی : حکومت کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں ، ایک سال کے دوران ٹیکس فائلرز کی تعداد بڑھنے کے بجائے مزید گھٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق سر توڑ کوششوں کے باوجود حکومت ٹیکس فائلرز کی تعداد بڑھانے میں نا کام رہی ، مالی سال 15-2014 کے مقابلے میں مالی سال 16-2015 میں ٹیکس فائلرز کی تعداد اب بھی 36 ہزار سے کم ہے اور اب تک صرف 11 لاکھ 73 ہزار افراد نے ہی گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکس فائلرز کو نوٹسز بھیجے جانے سے کئی نان فائلرز کی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے حوالے سے حوصلہ شکنی ہوئی ہے ، اس لئے نئے فائلرز ٹیکس فائل کر کے کسی جھنجھٹ میں پڑنے سے گریز کر رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے مالی سال 18-2017 کے بجٹ میں فائلرز اور نان فائلرز کے درمیان فرق بڑھا دیا ہے ، تا کہ زیادہ سے زیادہ عوام ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی جانب راغب ہوں۔