اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے خلاف سب جماعتوں کو جمع کرکے حکومت کے پاس جائیں گے اور حکومت نے تعاون نہیں کیا تو سڑکوں پر نکلنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا لیکن وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا تاہم انہوں نے جو جواب دیا وہ قوم کے ساتھ مذاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عوام کو جوابدہ ہے اور ان سے جواب لینا میرا حق ہے جب کہ الیکشن کمیشن سے جواب لینے کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے علاوہ کسی جماعت کو بھی الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں جب کہ الیکشن کمیشن کے خلاف تمام جماعتوں سے بات کرکے حکومت کے پاس جائیں گے اور اگر انہوں نے بھی تعاون نہیں کیا تو سڑکوں پر نکلنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف صرف میں نے نہیں بلکہ جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بھی نشاندہی کی اور 21 سیاسی جماعتوں نے بھی دھاندلی کا شور مچایا مگر اس کے باوجود حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے اس کا مطلب میرا یہ خدشہ کہ (ن) لیگ اور الیکشن کمیشن نے مل کر دھاندلی کی وہ درست ثابت ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ آئندہ انتخابات درست کرنے کے لیے کہا اگر وہ ہوجاتا تو اگلا الیکشن شفاف ہوتا تاہم (ن) لیگ کی 2 وکٹیں ہم گراچکے ہیں اور تیسری بھی کل گرنے والی ہے۔