گلگت : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت خلوص نیت، محنت اورعزم کے ساتھ گزشتہ دور کے بگڑے ہوئے کام سنوارے گی اور ایک ایک پائی ایمانداری سے خرچ کی جائے گی۔
گلگت میں قانون سازاسمبلی کے ارکان اور وزرا سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ رواں برس لاکھوں سیاحوں نے خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا رخ کیا جو خوش آئندہ ہے۔
علاقے میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے گلگت بلتستان کی حکومت کمر کس لے، گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے بے پناہ مواقع ہیں، ہمیں علاقے میں سیاست اور جنگلات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، وزیراعلٰی حافظ حفیظ الرحمان سیاحت سے متعلق منصوبوں کی خود نگرانی کریں۔ غیرشفاف منصوبوں کے فائدے عوام تک نہیں پہنچتے، ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کا عزم رکھتی ہے۔ گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، ایک ایک پائی ایمانداری سے خرچ کی جائے گی، حکومت خلوص نیت، محنت اورعزم کے ساتھ گزشتہ دور کے بگڑے ہوئے کام سنوارے گی۔ عطاءآباد جھیل پر شاہراہ قراقرم کی تعمیر نو منصوبے پر ساڑھے 27ارب روپے لاگت آئی،یہ منصوبہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ 8 ارب روپے سے 3گنا بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم کی حفاظت کے لئے گلگت سے مانسہرہ تک سیکیورٹی فورس بنائی جائے گی۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہو گا، پاکستان اور چین اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، خنجراب سے گوادر شاہراہ کی تعمیر سے چینی مصنوعات جلد عالمی منڈیوں تک پہنچیں گی، اقتصادی راہداری کے لئے چین کے صدر اور وزیراعظم کے تعاون کے شکرگزار ہیں۔