قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت اداروں سے لڑائی کر رہی ہے، غیر یقینی صورتحال پر ہر محب وطن پاکستانی پریشان ہے،جمہوریت کا کیا بنے گا؟
خورشید شاہ کا قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کہا گیا کہ تحقیقات کرنے والوں کے بچوں پر زمین تنگ کر دیں گے، یہ دھمکیاں ان 3 ججز کو دی گئیں جوآپ کوجےآئی ٹی پرلےآئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کا ترجمان کہتا ہے کہ ججز کا کنڈکٹ درست نہیں، حکومت اداروں سے لڑائی کر رہی ہے، اداروں سے ٹکرأو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ایک سینیٹر کو کس نے یہ ہمت دی کہ وہ ایسی بات کرے، کسی نے چنے چبانے کی بات کی تو نوبت یہاں تک آ گئی۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ دیہات میں بھی ایسا ہوتا ہے کہ پہلے پکڑو، پھر چھوڑ کر احسان کیا جاتا ہے، اس معاملے میں بھی ایسا ہی کیا گیا، 2سال بعد ان کو گورنر سندھ لگا دیں گے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے جانوں کی قربانیاں دیں، کوڑے کھائے لیکن ایسی دھمکیاں نہیں دیں، آپ ملک کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں، جمہوریت کا کیا بنے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ باتیں اس لیے کر رہے ہیں کہ ریکارڈ پر رہے کہ ہم نے خبردار کر دیا تھا، ہم سیاستدان ہیں ہم بولیں گے، ہمیں کسی کا ڈر نہیں۔