اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ماضی کی تلخیوں کو دہرانا نہیں چاہتی۔ سیاست میں مذاکرات کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوتا۔ مذاکرات سے موجودہ سیاسی صورتحال کا حل چاہتے ہیں۔ حکومت تحریک اںصاف سے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
تحریک انصاف سے مذاکرات کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا دوبارہ بات چیت کا وہیں سے آغاز ہوگا۔ اب آگے چلنا ہے، تلخی والی باتیں نہیں ہونی چاہیں۔ حکومت تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کے حق میں ہے ہیں لیکن خلوص دونوں اطراف سے ہونا چاہیے۔
پاکستان کی خاطر خلوص نیت اور افہام تفہیم کیساتھ مذاکرات کریں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پانچ دسمبر سے پہلے چیف الیکشن کمشنر کا نام فائنل کر لیں گے۔ کل تک خورشید شاہ سے نام طے ہو جائے گا۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 8 دسمبر کی ہڑتال کو ختم کرے۔ ہڑتال سے معیشت کو نقصان ہوگا۔ تاجر برادری تحریک انصاف کی کال کو مسترد کر چکی ہے۔
حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کو مستحکم کریں اور ملکی وسائل میں اضافہ کریں۔ دھرنے نہ ہوتے تو ملکی معیشت کے حالات مزید بہتر ہوتے۔