پٹنہ (کامران غنی) گورنمنٹ مڈل اسکول، راج بھون کی جانب سے بہار ریاستی گیت کے خالق ایم آر چشتی کو اعزاز سے نوازا گیا۔ جلسہ کے صدر سنجے کمار کندن نے شال اوڑھا کر اور پروگرام کے کنوینر سمیر پریمل نے مومنٹو پیش کر کے ایم آر چشتی کو اعزاز سے نوازا۔ پروگرام کی نظامت سندھو نے کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کامران غنی صبا نے ایم آر چشتی کی شاعری کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایم آرچشتی عام فہم الفاظ میں بڑی بات کہنے کا ہنر جانتے ہیں۔ صبا نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایم آر چشتی کو اعزاز سے نوازے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مثالیں کم ملتی ہیں کہ اساتذہ کی جانب سے کسی استاد کی عزت افزائی کی گئی ہو۔
اسکول کے اساتذہ اور بچوں کی فرمائش پر ایم آر چشتی نے اپنی مترنم آواز میں بہار ریاستی گیت پیش کیا۔پروگرام کے کو آر ڈینٹر سمیر پریمل نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چشتی صاحب نے ہماری دعوت اور اعزاز کو قبول کر کے ہمیں اعزاز سے نوازا ہے۔ سنجے کمار کندن نے بچوں کے سامنے ایم آر چشتی کا بھرپور تعارف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کل یہی بچے بہت ہی فخر سے کہیں گے کہ انہوں نے بہار گیت کے خالق ایم آر چشتی کو قریب سے دیکھا اور سنا ہے۔ انہوں نے بچوں کے روشن مستقبل کی دعائیں کیں۔ اسکول کے ہیڈماسٹر محمد اختر امام نے بھی ایم آر چشتی کی آمد کو باعث مسرت قرار دیا۔
انہوں نے اسکول کے استاد اور پروگرام کے کو آرڈینٹر سمیر پریمل کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے آج کا یہ پروگرام منعقد ہو سکا۔اس موقع پر سمیر پریمل،ڈاکٹر سرفراز الہدی قیصر، کامران غنی صبا، رام ناتھ شودھارتھی اور سنجے کمار کندن نے اپنے کلام بھی پیش کیے۔
پروگرام میں بلاک ایجوکیشن آفیسر گردنی باغ امریندر کمار، ہیڈ ماسٹر، محمد اختر امام، سی آر سی سی سنتوش کمار ساہ، میرا کماری، چندرکلا دیوی، محمد فضل کریم، اشوک کمار، کماری سنیتا، بھاونا، فوزیہ بانو، پشپا سنیتا اککا، انجمن اختر سمیت اساتذہ اور سیکڑوں بچے موجود تھے۔