اسلام آباد (یس ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچتے ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن مذاکرات غیر مشروط طور پر ہونے چاہئیں اور ہم اس میں کوئی شرط قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن حکومت اس میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ بات چیت کا سلسلہ حکومت نے ختم کیا تھا اس لیے مذاکرات وہیں سے شروع کئے جائیں جہاں سے بات ختم ہوئی تھی اور اس دوران جن نکات پر اتفاق ہوا تھا ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ حکومت دباؤ کے علاوہ کوئی چیز نہیں سمجھتی اس لیے جب تک مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچتے ہم اپنا دباؤ اور احتجاج جاری رکھیں گے اور جوڈیشل کمیشن کے کام کرنے کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔