ملتان: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ این اے 120 میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور سرکاری وسائل کا بھی بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔
ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور سرکاری وسائل کا بھی بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، حلقہ میں شریف خاندان نے بہت سرمایہ لگایا لیکن میڈیا سروے کے مطابق عوام ان سے مطمئن نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں، عمران خان، اسد عمر، جہانگیر ترین اور شفقت محمود این اے 120 میں کمپین نہیں کر سکتے لیکن(ن) لیگ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ منگل کو ہونے والے اجلاس میں ہم صدر ٹرمپ کے خلاف پاکستان کا واضح موقف دینے کی کوشش کریں گے، امریکا بھارت کے ساتھ ملکر پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنا چاہتا ہے مگران کی خواہش خواب ہی رہے گی۔