اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں پر نکلنے سے پہلے عالمی معیار کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اپنے ردعمل میں انھوں نے کہاکہ حکومت کی ناقص پالیسوں کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، ڈیزل پر 45 فیصد جی ایس ٹی کی وصولی ظالمانہ اقدام ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی ناقابل قبول اور قوم سے بھونڈا مذاق ہے۔
انھوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے لیکن پاکستان میں اس مناسبت سے قیمت کم نہیں کی گئی، اس لیے حکومت اس مرتبہ عوامی طاقت کے مظاہرے کا انتظار نہ کرے۔عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت عوام کی صرف اس وقت سنتی ہے جب وہ اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر آئیں۔
حکومت عوام کی زندگیاں اجیرن بنانے کا پختہ ارادہ کیے ہوئے ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کودی گئی ڈکٹیشن ان ممالک میں سماجی عدمِ استحکام اور کشمکش کی بنیادی وجہ ہے۔ادھر عمران خان نے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم امن چاہتی ہے، جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔