کراچی : وفاقی حکومت نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی تبدیلی پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا اور جلد نئے گورنر سندھ کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نواز شریف نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کی جگہ نئے گورنر سندھ کی تعیناتی کے لئے سنجیدگی سے مشاورت شروع کر دی اور اس سلسلے میں دو نام زیر غور بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چئیرمین آصف علی زرداری کی مشاورت کے بعد نئے گورنر سندھ کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیں گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کے بیان دینے کے بعد گورنر سندھ متنازع ہو گئے تھے ۔ سانحہ صفورا چورنگی ہونے کے بعد گورنر کی تبدیلی سے متعلق مشاورت کا عمل رک گیا تھا لیکن ایک بار پھر وفاقی حکومت نے مشاورت شروع کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ان دنوں اپنی بیٹی کی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور قوی امکان ہے کہ مصروفیت کے بعد وہ باقاعدہ استعفٰی وفاقی حکومت کو ارسال کر دیں گے۔