اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزیراعظم کا اقتصادی رسائی کا اقدام انقلابی ہوگا کیونکہ یہ اقتصادی رسائی کیلئے مشترکہ حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ بات قومی سلامتی ڈویژن کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے ہفتے کو اسلام آباد میں اقتصادی رسائی کے مشاورتی گروپ کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی ڈویژن نے معاشی سفارتکاری کیلئے اقتصادی رسائی کا لائحہ عمل تیار کیا ہے جس پر وزارتوں اور ان کی معاشی صلاحیتوں کے جائزے کے ذریعے عمل کیا جائے گا۔
گروپ کا پہلا مقصد ترجیحی ملکوں میں پاکستان کیلئے مسابقتی فضا کو بہتر بنانا ہے۔ معید یوسف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اقتصادی رسائی کا اقدام انقلابی ہوگا کیونکہ یہ اقتصادی رسائی کیلئے مشترکہ حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے جسے پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد سے منظم طور پر اختیار نہیں کیا گیا۔