اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت بری طرح پھنس چکی، الف لیلیٰ کی کہانیاں انھیں نہیں بچا سکتیں، نواز شریف کے وکلا کے الفاظ کے ہیر پھیر اور قانونی موشگافیاں اب کاغذ کی اس کشتی کو نہیں بچا سکتے۔
انہوں نے کہا اس کشتی کو ڈوبنا ہی ہے، حکمرانوں کے اپنے الفاظ ان کیلیے ہتھکڑیاں بن رہے ہیں، یہ دیگ کا ایک چاول ہے، قوم کے سامنے ساری دیگ ہی ایسی ہے، کوئی مقدس گائے نہیں، سیاستدانوں اور ججز سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہ بات ثابت ہو رہی ہے کہ حکمران خاندان کرپشن میں ملوث ہے، وزیراعظم کے وکیل اچھے ہیں لیکن ایک کمزور کیس لڑ رہے ہیں اور لندن فلیٹس سے وزیراعظم کی لاتعلقی ظاہر کر کے نوازشریف کو بھولا بھالا بناکر پیش کر رہے ہیں۔ اسحٰق ڈار نے توکمال کردیا، اپنے خزانے کو بھرا اور قوم کے خزانے کو خالی کیا، ان کے پاس بتانے کیلیے ذرائع ہی نہیں ہیں، پاناما کیس سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے، یہ کیس طے کرے گا کہ آئندہ پاکستان میں جمہوریت کی حکمرانی ہو گی یا بادشاہت قائم ہو گی، سپریم کورٹ سے انصاف ملنے کی امید ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔