وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس میں بھرتیاں بھی کریں گے ۔ بلٹ پروف جیکٹ بھی دیں گے اور جدید آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔
کراچی: (یس اُردو) کراچی کے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اچھی کارکردگی پر انعامی رقم سے نوازا گیا۔ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کی خدمت کی ہے ۔ پیپلز پارٹی کبھی شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتی ۔ حکومت ٹریفک پولیس میں 6 ہزار بھرتیاں بھی کرے گی ۔ جوانوں کو بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ بھی دے گی ۔ سندھ پولیس میں کوئی دھڑے نہیں اور نہ ہی کراچی آپریشن متاثر ہوا ہے ۔ پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت پر تحقیقاتی کمیٹیاں اپنا کام کر رہی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس میں ترجیحی بنیادوں پر پڑھے لکھے جوانوں کی بھرتی کیا جائے ۔ لاہور میں ٹریفک کا نظام سٹی وارڈنز نے بہتر انداز میں سنبھالا ہے۔ تقریب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو اعلیٰ پولیس افسران نے انعامی رقم تقسیم کی۔