اسلام آباد: وزارت خزانہ نے حکومت کے اندرونی قرضوں کی تفصیلات پیش کردیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے جس میں 2016 سے 31 مارچ 2017 کے دوران اندرونی قرضوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے 9 ماہ کے دوران 819.1 ارب روپے کے اندرونی قرضے لیے جب کہ قرضے اسٹیٹ بینک اور تجارتی بینکوں سے حاصل کیے گئے۔ وزارت خزانہ کے جواب میں بتایا گیا ہےکہ اسٹیٹ بینک سے 734.62 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے گئے اور تجارتی بینکوں سے 84.50 ارب روپے کے قرضے لیے گئے۔ وزارت خزانہ کےمطابق 31 دسمبر 2016 تک بیرونی سرکاری قرضوں کا حجم 58 ارب ڈالر تھا۔ تحریری جواب میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان کے ہر شہری کے ذمے 94 ہزار 890 روپے واجب الادا ہیں۔