لاہور : حکومت نے سانحہ منٰی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا، زخمیوں کو 2 لاکھ روپے ملیں گے، پنجاب حکومت نے شہید اور لاپتہ افراد کے بارے میں جاننے کے لئے ہیلپ لائن قائم کر دی۔
حکومت کے فوکل پرسن طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہدا کی تعداد 42 ہو چکی ہے جبکہ 62 حجاج اب بھی لاپتا ہیں۔ وفاقی حکومت شہدا کے لواحقین کو پانچ لاکھ فی کس اور زخمیوں کو 2 لاکھ فی کس دے گی جبکہ شہداء کے 2 سے 3 ورثاء کو سرکاری خرچ پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے بھی بھیجا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے شہید اور لاپتہ افراد کے بارے میں جاننے کے لئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، رشتہ داروں سے رابطے کے لئے ڈی سی او دفاتر میں ریلیف ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں۔
لواحقین اور رشتہ دار فوری طور پر ہیلپ لائن 042-11172542 پر رابطہ کر سکتے ہیں، حکومت پنجاب نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو فوکل پرسن اور ضلع راولپنڈی کے اے ڈی سی عارف رحیم کو وزارت مذہبی امور کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔