باجوڑ ایجنسی: صدرممنون حسین کا کہنا ہے کہ وفاقی صوبائی حکومتیں مصیبت کے وقت میں عوام کے ساتھ ہیں جب کہ زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی کام سیاسی اور دیگر مفادات سے بالاتر ہو کر کئے جا رہے ہیں۔
صدرمملکت ممنون حسین نے باجوڑایجنسی کے ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں زلزلے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ صدرمملکت کے ہمراہ گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمد عباسی بھی موجود تھے جہاں انہیں زلزلے سے متاثرہ افراد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صدر ممنون حسین کا باجوڑ ایجنسی میں زلزلہ متاثرین سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ قبائلیوں نے قدرتی آفت کا مقابلہ بہادری اور جرات سے کیا ہے، زندہ قومیں مشکل وقت میں متحد ہو کر آفات اور مشکلات کا مقابلہ کرتی ہیں تاہم حکومت متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم پیکج سے ملنے والی امداد سے لوگوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا،ہماری تمام متعلقہ حکومتی ادارے اور افواج پاکستان وقت ضائع کئے بغیر نکل آئے ہیں اوراپنے وسائل متاثرین کے لیے وقف کر دیئے گئے ہیں۔
صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ باجوڑ، سوات، شانگلہ چترال سمیت تمام زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے جس کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں مصیبت کے وقت میں عوام کے ساتھ ہیں جب کہ متاثرین کے لیے امدادی کام سیاسی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر کئے جا رہے ہیں اور انہوں نے زلزلہ متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔