کوئٹہ: پاکستان تحریکِ انصاف نے بلوچستان میں ڈپٹی سپیکر کا عہدہ لینے سے معذرت کر لی، اتحادی سپیکرشپ کے لیے عبدالقدوس بزنجو نامزد، اتحادیوں میں اختلافات کے باعث سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات 16 اگست کو ہونگے۔
بلوچستان میں اتحادی جماعتیں حکومت سازی کے فارمولے پر متفق نہ ہو سکیں۔ سپیکر کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو کے نام پر اتفاق کر لیا گیا جبکہ وزارتوں اور ڈپٹی سپیکر کے معاملے پر پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں کی جانب سے پی ٹی آئی کو پیشکش کی گئی تاہم پی ٹی آئی نے یہ عہدہ لینے سے معذرت کر لی۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اور سپیکر کے عہدوں کے لیے مرکزی قیادت کے فیصلوں کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کرینگے لیکن اگر ہمارے ساتھ طے شدہ معاملات پر عمل درآمد نہ ہوا تو آزاد بینچوں پر بیٹھیں گے۔