کراچی: تحریک انصاف کے نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گورنرہاؤس کو تعلیمی ادارہ بنانے اور اخراجات کم سے کم کرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ نامزد ہونے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے پروگرام پر عمل کرتے ہوئے حقیقی تبدیلی لائیں گے، گورنر ہاؤس ایک تاریخی عمارت ہے اسے منہدم نہیں کریں گے بلکہ تعلیمی ادارہ بنائیں گے اور ابتدائی طور پر اس میں کوئی انسٹی ٹیوٹ یا لائبریری بنانے کا ارادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چمن کے مال روڈ پر دھماکا، ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی
عمران اسماعیل نے کہا کہ میں متحرک گورنر رہوں گا،گورنر ہاؤس میں نہیں رہوں گا، سندھ کے دور دراز علاقوں میں جاؤں گا اور وہاں کے حالات کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بن کرابھری ہے اس لیے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی تحریک انصاف سے ہوگا۔
نامزد گورنر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کی عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے ہم ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لائیں گے اور منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں گے، کرپشن کا خاتمہ کریں گے کیونکہ بدعنوانی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔