گورنر سندھ محمد زبیر نے سہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر مزار پر حاضری دی، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 3 روز تک پورے پاکستان سےعقیدت مند یہاں پہنچیں گے، سیکورٹی انتظامات بہت اچھے ہیں۔ ہر آنے جانے والے پر تمام اداروں کی گہری نظر ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے حضرت لعل شہباز قلندر کے 765 ویں عرس کے موقع پر مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن ان کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلندر کے مزار پر دھماکے کی پوری دنیا نے مذمت کی، دہشت گرد واقعے کے بعد سندھ حکومت کی معاونت سےیہاں بھرپور کام کیاگیا، وزیراعلیٰ سندھ نے یہاں پر سیکورٹی انتظامات کی بہتری کے لئے ذاتی طور پر دلچسپی لی۔