اسلام آباد: آج 27 روزے مکمل ہونے جارہے ہیں اور ہر کوئی عید الفطر کی تیاری میں لگا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کی جانب سے عید کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لئے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق عید کے تینوں روز لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور رمضان میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے قائم کئے گئے کنٹرول رومز عید کے موقع پر بھی کام کریں گے۔ بجلی کی فراہمی میں تعطل سے متعلق شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ متعلقہ سٹاف اپنے سازوسامان سمیت سب ڈویژنز میں موجود رہے گا۔ دوسری جانب ایک خبر یہ بھی ہے کہ عید الفطر کے موقع پر آج سے مسافروں کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں اور پہلی عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔ کوئٹہ سے 10 بوگیوں پر مشتمل خصوصی عید ٹرین ساڑھے گیارہ بجے روانہ ہوگی جو سبی، ملتان، لاہور سے ہوتی ہوئی 3 جون کو شام ساڑھے چھ بجے راولپنڈی پہنچے گی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید ٹرین میں بکنگ دو دن قبل ہی بند ہوچکی ہے جبکہ 8 جون کو راولپنڈی سے واپس کوئٹہ آنے والی عید اسپیشل ٹرین کی بکنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔پاکستان ریلوے کی جانب سے عید پر 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، کراچی سٹی اسٹیشن سے آج پشاور کے لیے ٹرین روانہ ہوگی، تیسری ٹرین 3 جون کو 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ریلوے حکام کے مطابق چوتھی ٹرین 8 جون کو راولپنڈی سے 8 بجے کوئٹہ روانہ ہوگی جبکہ پانچویں ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام 6 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔