پشاور(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بیرون ملک مقیم نمایاں اور معروف وماہر پاکستانیوں کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ’’نئے پاکستان ‘‘کی تعمیر و ترقی کے عمل میں شامل کرنے کے لئے انہیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سرکاری ، خود مختار و نیم خود مختار اداروں کےبورڈ ز آف ڈائریکٹرز،بورڈز آف گورنرز اور کمیشنز میں اعزاز ی نمائندگی دینے کا فیصلہ کر لیا اس مقصد کے لئے وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانیوں کو بیرون ملک مقیم معروف پاکستانیوں کی نشاندہی کا ٹاسک دے دیا گیا جس نے بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ذرئیے ایسے نمایاں اور پرفیشنل پاکستانیوں کی تلاش شروع کردی ۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لئے چاروں صوبائی حکومت کو احکامات جاری کر دیئے گئے ۔وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ وزیراعظم عمران کے نئے پاکستان کی تعمیر کے وژن کی روشنی میں کیا ہے جس کے لئے سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کے ذریعے بیرون ملک مقیم نمایاں اور معروف پاکستانیوں کی نشاندہی کی جائے گی وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبائی حکومت کے نام ارسال کئے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں کئی معروف نمایاں پروفیشنل پاکستانی شخصیات مقیم ہیں جو وزیر اعظم عمران کے وژن کے مطابق نئے پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ ایسی شخصیات کو پاکستان کی سرکاری مشینری میں نمائندگی دی جائے اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیرون ملک پروفیشنل اور نمایاں شخصیات کوفیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کے لئے خود مختار و نیم خود مختار سرکاری اداروں اور کمشنروغیرہ میں رکن کی حیثیت سے اعزازی نمائندگی دی جائے۔ اس سلسلے میں سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کو بیرون ملک پاکستانی مشنز سے رابطہ کرنے اور ان سے ان ممالک میں مقیم نمایاں ،مصروف اور پروفیشنل پاکستانی شخصیات کے اعداد و شمار اور سی ویز جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد موزوں شخصیات کی نشاندہی کر کے انہیں سرکاری اداروں کے بورڈ آف گورنرز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز میں اعزازی نمائندگی دی جائے گی۔