نارووال: ڈاکٹر مجید نظامی عالم اسلام کا سرمایہ¿ افتخار تھے ۔ نظریہ پاکستان کی حفاظت کےلئے زندگی وقف کر رکھی تھی ۔ کشمیر کی آزادی کے لئے بزور تلوار جدو جہد پر یقین رکھتے تھے ۔ صحافت میں مفادا ت اور ذاتی منفعت کو ہمیشہ ٹھوکر لگا دی ۔ ڈاکٹر مجید نظامی کی پاکستان سے محبت حقیقی عشق کا روپ دھار چکی تھی ۔ بزرگان دین سے محبت اور نبی کریم ﷺ سے عشق اُن کی زندگی کا نمایاں پہلو تھا۔ تاریخ پاکستان میں ڈاکٹر مجید نظامی کا نام ہمیشہ عزت و احترام سے درج رہے گا۔ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال نے امام صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کے یوم ولادت کے موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ضلعی صدر تحریک اویسیہ پاکستان نارووال ،قاری محمد ارشد اویسی ضلعی ناظم،محمد عاصم بشیر اویسی اور دیگر نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی نے تا حیات نظریہ پاکستان کا تحفظ کر کے نئی نسل کو حقیقی پاکستانی قوم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔پاکستان کے دفاع اور ترقی پر مصلحت پسندی سے بالا ہو کر حقیقت پسندی کو پروان چڑھایا ۔ آج امام صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کے نظریہ پاکستان کو شامل نصاب کر کے ہم آئندہ نسلوں کو پاکستان شناس بنا سکتے ہیں۔روزنامہ نوائے وقت ہمیشہ ان کےلئے صدقہ¿ جاریہ کا کام کرتا رہے گا۔