ایتھنز: پاکستانیوں کو ان کے ہم وطنوں نے پیسے کے مطالبے کے لئے قید کررکھا تھا، پولیس نے فرار ہونے والے شخص کی اطلاع پر چھاپہ مارکر آزادی دلائی۔ یونانی پولیس نے 14 پاکستانی پناہ گزینوں کو انکے ہم وطنوں کی قید سے آزاد کرا لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونانی پولیس کا کہنا ہے کہ 14 پاکستانی پناہ گزنیوں کو انکے 5 وطنوں کی قید سے آزاد کرا لیا گیا ہے، جنھوں نے ان لوگوں کو پیسے کے مطالبے کیلئے قید کر رکھا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام 14 افراد 12 ستمبر کو ترکی کی سرحد سے یونان داخل ہوئے تھے اور انھوں نے اس سفر کیلئے 1500 یورو (1790ڈالر) فی کس ادا کیے تھے لیکن انھیں تسلسلونیکی کے علاقے میں واقع ایک الگ تھلگ گھر میں لے جا کر قید کر لیا گیا اور ان سے رہائی کے عوض مزید 450 یورو کا مطالبہ کیا گیا۔ 15ستمبر کو ایک شخص قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور اس نے پولیس کو بتا دیا کہ انھیں پکڑنے والوں نے دھمکی دی ہے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس پر پولیس نے 16ستمبر کو گھر پر چھاپہ مار کرملزمان کو گرفتار کرلیا جس میں ایک 17 اور 34 سال کا شخص بھی شامل ہے۔