ایتھنز : یونان کی عوام نے یورپی یونین کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط کو مسترد کر دیا ہے۔
گزشتہ روز بیل آؤٹ پیکج کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے جس کے مطابق 61 فیصد عوام نے یونان کے لئے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط کو مسترد کردیا ہے۔
ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط مسترد ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانس کے صدر ہولاندے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں یونان میں ریفرنڈم کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے یونان کے عوام کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی شرائط کو مسترد کرنے کا احترام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے یوروزون کا ہنگامی اجلاس منگل کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں ریفرنڈم کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔