ایتھنز (سکندرریاض چوہان) یونان میں مقیم قانونی حثیت کے تارکین وطن اور ان کے بچوں کو یونانی شہریت دیے جانے کے نئے ترمیم شدہ مسودہ قانون کو یونانی پارلیمانی کمیٹی نے منظوری دے دی ہے کمیٹی میں اکثریتی سیاسی جماعتوں کی جانب سے مثبت قرار دیاگیاجبکہ فاشسٹ جماعت خریسی اووگی اور قوم پرست جماعت کی جانب سے اس پر سخت تنقید کی گئی۔
تاہم گزشتہ روز کمیٹی نے قانون میں مزید تجاویز کوشامل کیے جانے بعد منظوری دیتے ہوئے اس کو یونانی پارلیمنٹ میں بحث اور منظوری کے لیے پیش کیے جانے پر رضامندی دی جس کے بعد رواں ہفتے اس قانون پر پارلیمنٹ میں بحث کا آغاز ہوگا جس کے بعد اس پر ووٹنگ کرانے کے بعد پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد حتمی منظوری کے لیے صدر جمہوریہ یونان کے پاس بھجوایاجائے گا۔
جن کے دستخطوں کے بعد یہ قانون آئین کا حصہ بن جائے گا اور حکومتی گزٹ میں شمولیت کے بعد یہ نافذالعمل ہوجائے گا امید ہے تمام قانونی تقاضے جون کے آخر تک پورے کرنے بعد یہ قانون نافذکردیاجائے گا۔نئے مسودہ قانون میں تارکین وطن اور ان کے بچوں کو سہولیات دی گئی ہیں تاہم قانون کی حتمی شکل گزٹ کے بعد سامنے آئے گی۔