اہور: پاکستان ریلوے کی گرین لائن ٹرین گڑھی شاہو پلیٹ فارم پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مسافروں کو متبادل ٹرین سے روانہ کر دیا گیا۔
کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ٹرین لاہور کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، اس کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ڈویژنل سپریٹنڈنٹ لاہور کے مطابق گرین لائن ٹرین کھڑی مال گاڑی سے ٹکرائی، جس سے ٹرین کے انجن کی ٹرالی تباہ ہوگئی۔ حادثے میں متعدد بوگیاں پٹری سے اترگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی ایس لاہور کے مطابق حادثے میں گرین لائن کا انجن ڈی ریل ہوگیا، جب کہ مال گاڑی میں گارڈ کا ڈبہ متاثر ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے اور ریلیف آپریشن کے بعد تمام مسافروں کو روانہ کر کے ٹریک بحال کر دیا گیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گرین لائن کے مال گاڑی سے ٹکرانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔