بوگوٹا (ویب ڈیسک)کیا کوئی شخص اپنے آپ کو اغواءکرانے کی از خود منصوبہ بندی کرسکتا ہے؟ یہ بات سننے میں کچھ عجیب سی ہی لگ رہی ہے لیکن جب بات آئے شادی سے بچنے یا پیچھے ہٹنے کی تو کچھ لوگ ایسا بھی کرسکتے ہیں۔ کولمبیا کے ایک شہری نے شادی سے بچنے کے لیے ایسا ہی کیا اور خود کو ہی اغواءکرانے کی منصوبہ بندی کرلی۔55 سالہ ادھیڑ عمر دولہا کی شادی مقامی
لڑکی سے طے کی گئی تھی جس میں اس کے دوست احباب اور رشتہ داروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔شادی کے دن قریب آتے ہی دولہا نے اپنے قریبی دوستوں سے کہا کہ اسے یہ شادی نہیں کرنی اور وہ اس شادی کو منسوخ کرنے کا سوچ رہا ہے لیکن اسے یہ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ یہ سب کیسے کرے۔اتنے میں دولہا کے ایک دوست نے اسے اپنے ہی اغواءکا ڈرامہ رچانے کا مشورہ دے دیا جو دولہا کو پسند آیا۔55 سالہ دولہا کی شادی میں بس چند ہی دن رہ گئے تھے کہ اس کے دوستوں نے ایمرجنسی سروس کو کال کی اور بتایا کہ موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد کا ایک گروپ آیا جس نے ان کے ایک دوست (دولہا) کو اغواءکرلیا۔کولمبیا میں بھتہ غوری اور اغواءکے واقعات عام ہیں تو حکام نے ان کی شکایت کو انتہائی سنجیدگی سے لیا اور پورے علاقے کی پولیس کے ساتھ ساتھ اس معاملے میں فوج کو بھی متحرک کردیا۔
کولمبیا کی پیٹالیٹو پولیس کمانڈر نے سڑکوں کو بند کرنے اور مغوی کی بازیابی کے لیے گلی گلی آپریشن کا حکم دے دیا لیکن کوئی بھی شخص یہ بات سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ جن لوگوں نے جرم کی اطلاع دی وہ ہی جھوٹ بول رہے ہیں۔دولہے کے دوستوں نے جب دیکھا کہ شہر کی تمام پولیس اور فوج ان کے دوست کو ڈھونڈ رہی ہے تو انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے اپنے دوست کو شادی سے بچانے کے لیے یہ منصوبہ بنا کر جھوٹ بولا تھا۔حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے اس شخص کی شناخت کو خفیہ ہی رکھا
کیونکہ شناخت ظاہر کرنے سے اس کی جان کو خطرہ ہوتا جب کہ اس سے قبل بھی اس شخص نے شادی سے چند روز قبل ہی ایک عورت کو چھوڑ دیا تھا اور شادی سے انکار کردیا تھا۔پولیس کے مطابق 55 سالہ شخص پر اغواءہونے کاجعلی منصوبہ بنانے اور اس کے دوستوں پر بھی جھوٹ اور دھوکہ دہی کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا جس پر انہیں 6 سال قید بھگتنا پڑے گی۔