حیدر آباد (جیوڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ تین تین باری لے چکے، ن لیگ کی یہ چوتھی باری ہے لیکن ان لوگوں نے ایک مرتبہ بھی ملک کو ترقی نہیں دی،پاکستان کی عوام تبدیلی مانگ رہے ہیں، تبدیلی لانے کیلیے تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے جو کہ ایم پی ایم ایل ہم خیال سیاسی جماعتوں اور گروپوں کو ساتھ ملا کر بنائے گی۔
اے پی ایم ایل سندھ اورحیدرآباد کے تحت ایس آرٹی سی گراؤنڈ پر منعقدہ جلسے کے شرکاسے کراچی سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ 2008 میں جب استعفٰی دیا تو میری تقریر کہ آخری الفاظ تھے کہ پاکستان کاخدا ہی حافظ ہے اور بدقمستی سے ملک اسی طرف گامزن ہے،بدقسمتی ہے کہ جس ملک کو 8 سال میں ڈیفالٹ لیول سے نکال کر11 ترقی پذیر ملکوں کی صف میں شامل کیا وہ اب نیچے کی طرف جارہا ہے، میں نے اے پی ایم ایل اس لیے بنائی کہ یہ پاکستان کی اشدضرورت ہے،ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر تبدیلی لانے کیلیے 2013 میں پاکستان آنے کا فیصلہ کیا، مقدمات میں الجھائے جانے کے خدشات کاعلم ہونے کے باوجودملک اورغریب عوام کی خوشحالی کے لیے پاکستان آیا۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت مل کی معیشت مکمل طور پرتباہ ہے، ملک بھر میں دہشت گردی ہورہی ہے تو دوسری طرف سیاسی محاذآرائی جاری ہے، حکومتی نظام بالکل ہی کام نہیں کر رہا،غریب کی حالت بری ہوگئی ہے، گیس وبجلی اورپانی و پٹرول کا بحران ہے جبکہ عوام بدحال ہیں، ملک میں اس وقت کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں چل رہا لیکن ملکی خزانہ ضرورخرچ ہورہاہے ،جس ملک میں عدل وانصاف نہ ملے تو کیااسے اسلامی جمہوریہ کہا جا سکتا ہے؟ عوام اس وقت تبدیلی مانگ رہے ہیں کہ اس ملک میں ایماندارحکومت آئے،اس تبدیلی کولانے کے لیے تیسری سیاسی قوت چاہیے۔
سندھ میں تنظیم سازی نظرآرہی ہے لیکن اسے ہرضلع،تحصیل اور یوسیز تک پھیلانا ہے، کراچی میں بھی اس کے ہرٹاؤن اور یوسیز تک تنظیم سازی ہونی چاہیے۔جلسہ سے مرکزی سینیئر نائب صدر میجرجنرل (ر) راشد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے حکومت چھوڑتے ہوئے وقت کے آخری الفاظ تھے کہ ملک وقوم کا اﷲ ہی حافظ ہے تو آج قوم دیکھ لے کہ آصف علی زرداری اور نواز حکومت نے ملک کا کیا حال کر دیا ہے۔مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پرویزمشرف نے عوام کو ترقی وخوشحالی دی۔
جو لوگ جمہوریت کے نام پر حکومت کررہے ہیں یا پھر حکومت کرتے گئے ہیں ان کا پرویز مشرف کے دور سے موازنہ کر لیں ،اصل جمہوریت تو پرویز مشرف کا دیا گیا بلدیاتی نظام تھا جس میں ترقیاقی فنڈ عوام کو خرچ کرنے کا اختیار تھا۔
جلسے سے صوبائی صدر سید شہاب الدین شاہ حسینی ،سید محب علی شاہ لکیاری،ڈاکٹر ریاض رند، شعبہ خواتین سندھ کی جنرل سیکریٹری نسرین ریاض، یوتھ ونگ کے پیر محمد زبیر، کراچی ڈویژن کے قائم مقام صدر اسلم مینائی،لاڑکانہ ڈویژن کے صدر منظور گورڑودیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔