اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران خان مسلسل بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں۔
جب عمران خان مطالبہ کر رہے تھے اس وقت 4 حلقے کھل چکے تھے۔ عمران خان صاحب کو بتایا گیا کہ حلقے کھل چکے ہیں، برائے مہربانی عدالت تشریف لائیں لیکن وہ 4 ماہ تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی جبکہ عمران خان صاحب 8 ماہ تک ٹربیونل ہی نہیں گئے جس کی وجہ سے کارروائی رُکی رہی۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان صاحب اسی انصاف کو مانتے ہیں جو چیئرمین تحریک انصاف کرتا ہے۔ جوڈیشل کمشن انتخابات کو صاف اور شفاف قرار دیدے تو کیا گارنٹی ہے کہ عمران خان اس کیخلاف دھرنا نہیں دیں گے کیونکہ عمران خان پہلے عدالتی فیصلے پر تالیاں بجاتے ہیں لیکن جب فیصلے کی سمجھ آ جائے تو مخالفت شروع کر دیتے ہیں۔ عمران خان نے این اے 122 ٹربیونل کی جس رپورٹ پر خوشی کا اظہار کیا اس کیخلاف ہی درخواست دیدی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے رمضان شوگر ملز کے بارے میں حقائق کے منافی باتیں کیں۔ عمران خان کو عوام کی سہولت کیلئے بنائی گئی ہر چیز پر اعتراض ہے۔
عمران خان کی سیاست یہ ہے کہ سڑک، کالج یا ہسپتال بنے تو اس پر اعتراض شروع کر دو۔ عمران خان عوام کی سہولت کیلئے بننے والے پلوں پر بھی اعتراض کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ میں پل نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا۔