گوجرانوالہ میں قائم سالڈ ویسٹ کمپنی میں17کروڑ روپے کی کرپشن کی انکوائری رپورٹ آگئی، رپورٹ کے مطابق سابق ایم ڈی ڈاکٹر عطا الحق کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں اور آلات کی خریداری میں 14کروڑ 54 لاکھ روپے کی کرپشن کی گئی، سابق ایم ڈی دوران ملازمت اپنی ذاتی کمپنی گرین ٹیکنالوجی کے جی ایم بھی رہے۔ سابق ایم ڈی نے اپنی ذاتی کمپنی کےافراد کو سالڈ ویسٹ میں اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کیا اور غیرقانونی طور پر کمپنی کے اخراجات پر ترکی کا دورہ بھی کیا، کوڑا اٹھانے کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دے کر زائد ادائیگیاں کی گئیں۔ گوجرانوالہ کے میئر ثروت اکرام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے لیے کیس نیب یا اینٹی کرپشن کو بھیجا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ کے سابق ایم ڈی ڈاکٹر عطا الحق کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ یک طرفہ ہے اُن کا موقف انکوائری کمیٹی نے نہیں سنا۔