کھیوڑہ (نمائندہ خصوصی ،راشدخان ) میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے چےئر مین کا انتخاب مسلم لیگ (ن) کی ضلعی قیا دت کی مشاورت اور منتخب کونسلرزکی رضامندی سے کیا جائے گا ۔نومنتخب چےئرمین کو علاقہ کی عوام کو درپیش د یرینہ مسائل کے فوری حل کے لیے کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا ،اگر پارٹی قیادت نے ذمہ داری سونپی تو ریکارڈ ترقیاتی کام کروانا میرا مشن ہوگا۔مرزا گلزار حسین تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب کونسلر اور امیدوار برائے چےئرمین مرزا گلزار حسین نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیوڑہ کے چےئرمین کا انتخاب کونسلرز کی اکثریت رائے اور عوام کی خواہش کے مطابق مسلم لیگ ن کی ضلعی قیادت کی مشاورت سے بہت جلد فائنل ہو جائے گا۔اگر قیادت نے مجھے کھیوڑہ کے چےئر مین کی ذمہ داری سونپی تو انشاء اللہ ریکارڈ ترقیاتی کام کر وانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔اور آمدہ مسائل کے حل کے لیے فوری ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے عوام کو درپیش بنیادی مسائل جن میں پینے کے صاف پانی کی ریگولر فراہمی، سڑکیں و گلیاں ، پارک و کھیل کے میدان، سیورج سسٹم ، لائبریری کا قیام،مقامی فیکٹریوں اور پی ایم ڈی سی سے علاقہ کی ترقی میں کردار سے متعلق کئی دیرینہ مسائل حل طلب ہیں۔انہوں نے مزید بتا یا کہ آج کا ووٹر با شعور ہے اور اُن کی بہت سی امیدیں ہم سے وابستہ ہیں،تاہم ہماری پارٹی کی پوری کوشش ہوگی کہ ایسے شخص کو ذمہ داری سونپی جائے جو عوام کی امیدوں پر پورا اترے اور انھیں مایوس نہ کرے، میری کسی سے کوئی مخالفت نہیں ہے میرے لیے پارٹی کا فیصلہ ہی حتمی ہوگااپنے بارے میں انھوں نے بتاتے ہوئے کہ میں پارٹی کا ایک ادنیٰ سا ورکر ہوں اور میری خواہش ہے کہ میں علاقہ کی ترقی کے لیے وہ کچھ کروں جو آج تک نہیں ہوا۔ اگر اب بھی کھیوڑہ جیسے شہرہ آفاق اور سیاحت کے حامل شہر پر توجہ نہ دی گئی تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر علاقے کی بہتری کے لیے مل کر اقدامات کریں۔یاد رہے کہ کھیوڑہ کے 19 وارڈز ہیں اور سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہونے والے کونسلر مرزا گلزار حسین ہیں۔