کراچی (یس ڈیسک) ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے، شہر شہر ریلیاں اور جلوس نکالے گئے اور درود و سلام کی محافل کا اہتمام کیا گیا، کراچی کے نشترپارک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ تراب الحق نے کہا کہ بندوق کے زور پر اسلام نافذ نہیں کیا جاسکتا، فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، سرکار دو عالم رحمۃ اللعالمین حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن میلاد کے سلسلے میں نیو میمن مسجدسے مرکزی جلوس سربراہ جماعت اہلسنت علامہ شاہ تراب الحق قادری کی قیادت میں نکالا گیا۔
ایم اے جناح روڈ پر جلوس میں جمعیت علمائے پاکستان، دعوت اسلامی، انجمن طلباء اسلام، انجمن نوجوانان اسلام،سنی اتحاد کونسل، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان سمیت مختلف جماعتوں کے جلوس شامل ہوتے گئے۔جلوس کی گزر گاہوں پر متحدہ قومی موومنٹ کے استقبالی کیمپ بھی لگائے گئے جہاں شرکاء کو دودھ کا شربت پیش کیا گیا۔
جلوس کے شرکاء مقررہ راستے سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچے جہاں علامہ شاہ تراب الحق نے جلسہ سیرت النبی سے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کیساتھ ہے۔ جلسے سے حاجی حنیف طیب، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، مفتی عظمت علی شاہ، علامہ اکرم سعیدی اور علامہ ابرار رحمانی نے بھی خطاب کیا۔
جلسے میں سانحہ پشاور کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا ئِیں مانگی گئیں۔ مرکز اہلسنت سے سنی تحریک کا جلوس بھی سربراہ سنی تحریک ثر وت اعجاز قادری کی سربراہی میں نکالیا گیا جس میں سنی تحریک کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔