تقریبات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ، بھارت سمیت دنیا بھر سے پندرہ ہزار سے زائد سکھ شریک ہیں
ننکانہ صاحب: سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 548 ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں جاری ہیں ، آج تقریبات کا آخری روز ہے ، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔ تقریبات میں اندرون ملک سمیت بھارت امریکہ ، کینیڈا برطانیہ اور دیگر ممالک سے پندرہ ہزار سے زائد سکھ اور ہندو یاتری شریک ہیں ، سکھ یاتری اپنے گورو گھر میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں ۔ خاص طور پر شب کیرتن ، اکھنڈ پاٹھ ، اشنان کی ادائیگی کر رہے ہیں ، سکھ یاتری اپنی تین روزہ تقریبات کے آخری روز بابا گورو نانک کے جنم دن کی خوشی میں پالکی کا نگر کیرتن (جلوس ) نکالیں گے ، جو تقریبات کی سب سے اہم رسم ہے ۔ سکھ یاتری گورو گرنتھ صاحب کو چاندی کی پالکی جسے سپیشل بس میں رکھا گیا ہے گورودوارہ جنم استھان سے جلوس نکالیں گے جو شہر کے دیگر ساتوں گورودواروں میں یاترا کرنے کے بعد شام پانچ بجے گورودوارہ جنم استھان پہنچ کر ختم ہو گا ۔ سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے لئے گورودوارہ جنم استھان کے احاطہ اور اطراف میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ تقریبات آج رات گئے بھوگ کی رسم کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو جائیں گی ۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھوگ کی رسم کے بعد ہاکی سٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی ہو گا ۔