لاہور: محمد حفیظ ایک بار پھر بولنگ ایکشن ٹیسٹ کی آزمائش سے گزر گئے،آئی سی سی کی نامزد لفبرا یونیورسٹی میں گیندیں کرواکے ڈیٹا ریکارڈ کرلیا گیا، نتیجہ 14روز بعد سامنے آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلی بار2005 میں رپورٹ ہوا، نومبر 2014میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں دوسری بار وہ شکوک کی زد میں آئے، اپریل 2015میں کلیئرنس کے 2 ماہ بعد ہی گال ٹیسٹ میں دوبارہ ایکشن کی رپورٹ ہو گئی، یوں ایک سال کی پابندی لگ گئی، مدت پوری کرنے کے بعد کلیئر ہوئے تو گذشتہ سال نومبر میں سری لنکا سے ون ڈے سیریز میں دھر لیے گئے،آل رائونڈر کا اسٹیٹس چھننے کے بعد حفیظ ٹیم کے بھی غیر مستقل رکن بن گئے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر واضح طور پر کہہ چکے کہ بولنگ کے بغیر ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی،گذشتہ روز حفیظ کا آئی سی سی کی نامزد کردہ لفبرا یونیورسٹی میں بائیومکینک ٹیسٹ ہوگیا۔
، اس دوران انھوں نے کئی گیندیں کیں جن کا کیمروں میں ڈیٹا مرتب کرلیا گیا، وہ بدھ کو انگلینڈ سے وطن واپسی کیلیے عازم سفر ہوں گے، ٹیسٹ کا نتیجہ 14روز میں سامنے آئے گا، آئی سی سی کی جانب سے حفیظ کا ایکشن کلیئر ہونے یا نہ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، اگر بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد میں ہوا تو ایک بار پھر بولنگ کی اجازت ہوگی۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کی بیٹنگ فارم بھی اچھی نہیں جا رہی، اس سے قبل اصلاح کیلیے کام کرنے کے بعد سعید اجمل ایکشن کلیئر کرانے میںکامیاب تو ہوگئے تھے لیکن افادیت اور اس کے ساتھ کیریئر بھی ختم ہوگیا۔