کھاریاں(نیئر صدیقی سے)جلالیہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر ممتاز عالم دین حافظ لیاقت علی جلالی نے تحفظ حقوق نسواں بل کو قرآن وحدیث سے متصادم اور مغرب کی نقالی قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ بل پاکستان کو سیکولر لبرل ملک بنانے کی سازش کا حصہ ہے لیکن حسب سابق یہ سازش بھی بری طرح ناکام رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جامع مسجد اقصی مجاہد کالونی میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ اتنے اہم مذہبی و معاشرتی گھریلو مسئلے کو بعض سیاستدانوں اور نام نہاد مذہبی لیڈروں نے کھیل تماشہ بنا دیاہے‘ کوئی حقوق نسواں بل منظور اور کوئی حقوق مرداں بل لانے کی باتیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکتا ہے کیونکہ اسلام ایک عالمگیر مذہب اور دین فطرت ہے جس میں والدین‘ اولاد‘ شوہر‘ بیوی حتی کہ جانوروں تک کے حقوق بھی بیان کئے گئے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں کو دین کی طرف راغب کیا جائے ‘ دینی سوجھ بوجھ رکھنے والا کوئی شخص کسی دوسرے شحص پر ظلم نہیں کرسکتا۔