اسلام آباد:حج پالیسی 2018 کے تحت کل ایک لاکھ 79 ہزار210 عازمین سفرحجاز مقدس کریں گے جب کہ سفرحج اور دیگر اخراجات میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
یس اردو نیوزکے مطابق حج پالیسی 2018 کے تحت کل ایک لاکھ 79 ہزار210 عازمین سفرحجازمقدس کریں گے، سفرحج اوردیگراخراجات میں اضافہ نہیں کیا گیا، 80 سال سے زائد عمرکے 5 ہزارحجاج کو اٹینڈنٹ سمیت بغیرقرعہ اندازی کے بھجوایا جائے گا جب کہ 3 سال تک قرعہ اندازی میں کامیاب نہ ہونے والے عازمین کی علیحدہ قرعہ اندازی ہوگی۔
حج پالیسی کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 60 فیصد اورنجی طورپر40 فیصد پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، حج کے قیام کا وقت 40 دن سے کم کرکے 30 دن کردیا گیا، پاکستانی عازمین مکہ میں عزیزیہ اورمدینہ میں مرکزیہ میں قیام کریں گے۔
شمالی ریجن سے حجاج سے 2 لاکھ 80 ہزارروپے وصول کئے جائیں گے، ملک کے جنوبی حصوں سے 2 لاکھ 70 ہزارروپے سرکاری اسکیم کے تحت وصول کئے جائیں گے، کسی بھی قسم کے مفت حج کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ گزشتہ سالوں میں حج کرنے والے سرکاری طور پر7 اورنجی طور پر 5 سال تک حج نہیں کرسکیں گے۔