نوے کی دھائی سے جاری احتساب لولہا لنگڑا اور پیپلز پارٹی کے خلاف مسلسل سازش ہے، حاجی شکیل احمد قریشی
لالہ موسیٰ (نمائندہ خصوصی) حاجی شکیل احمد قریشی جنرل کونسلر بلدیہ لالہ موسی وارڈ نمبر لالہ موسی ترجمان بلدیہ لالہ موسی جنرل سیکر ٹری پاکستان پیپلز پارٹی لالہ موسی سٹی نے کہا ہے کہ احتساب کی آڑ میں عوامی طاقت کیخلاف سازش ہوری ہے۔ نوے کی دھائی سے جاری احتساب لولہا لنگڑا اور کمزور ہے۔ حکومت کی کابینہ میں آپس میں دھڑے بندی ہے ، وزراء وزیراعظم کے فیصلوں کو بھی تسلیم نہیں کرتے۔وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ، انہوں نے کہاکہ احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جو احتساب پرویز مشرف کی حکومت نے ہمارے خلاف کیا وہی احتساب اب عمران خان کررہے ہیں۔جبکہ خود عمران خان کے اوپر ہیلی کاپٹرز کے ناجائز استعمال کا ریفرنس بھی نیب میں چل رہا ہے۔ اسی طرح ان کے دیگر وزراء کے مقدمات بھی نیب میں چل رہے ہیں لیکن انہیں کچھ نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمن اور ن لیگ قومی اسمبلی میں اتحادی ہیں اور ان کا اتحاد حالیہ جعلی الیکشن کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی وزراء جو زبان استعمال کررہے ہیں وہ غیر مناسب ہے ، وہ کہتے ہیں کہ سندھ کا پانی بند کردیں گے ، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ، وہ عوام کو ریلیف دینے کی باتیں کرتے تھے لیکن آئی ایم ایف کے کہنے پر اشیاء صرف کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں ۔