رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان، حکومت نے عوام پررہی سہی کسر بھی نکال دی ہے، حاجی شکیل قریشی
لالہ موسیٰ(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لالہ موسیٰ کے جنرل سیکرٹری حاجی شکیل قریشی نے مہنگائی کی نئی لہر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے شفافیت کے دعوے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہاں ہیں۔ عوام رمضان المبارک میں پھلوں اور سبزیوں کا نام بھی نہیں لے سکتے۔ ان حالات میں رمضان بازاروں پر انتظامیہ کے تمام اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جس سے باقی ماندہ شہر تعفن کا شکار ہورہا ہے اور انتظامی معاملات سخت بگاڑ کا شکار ہورہے ہیں۔
انہوں نے عوامی حلقوں کی طرف سے مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول ، گیس اوربجلی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ سے عوام پہلے ہی پریشان تھے اس پر رمضان المبارک کی آمد پر پھلوں اور سبزیوں کے مہنگے داموں نے عوام کی رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے مگر تسلیم کرنے سے انکاری ہے جس سے قوم مزید بدحالی کی طرف جارہی ہے۔