مکہ مکرمہ: آج حج کا رکنِ اعظم، وقوف عرفات ادا کیا جا رہا ہے، لاکھوں مسلمان میدان عرفات میں خطبہ حج سنیں گے۔ نماز ظہر اور عصر قصر کر کے ادا کرینگے۔ حجاج آج رات مزدلفہ جائیں گے۔
مناسک حج کا آغاز ہو گیا، مکہ مکرمہ پہنچنے والے 25 لاکھ سے زائد عازمین نماز فجر کے بعد لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منیٰ میں جمع ہو گئے جہاں وہ رات قیام کے بعد صبح میدان عرفات کی جانب جائیں گےجہاں آج خطبہ حج اور وقوف عرفات ہوگا‘فر زندان اسلام آج فریضہ حج ادا کریں گے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے ساتھ ساتھ نماز ظہر اور عصر میدان عرفات میں ادا کی جائے گی۔
نماز عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفات ہوگا جس میں حاجی خدا کے حضور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کریں گے۔ سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کیلئے فوری طور پر میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے۔
اس کے بعد حجاج مزدلفہ کیلئے روانہ ہونگے‘ مزدلفہ پہنچنے کے بعد حجاج سب سے پہلے نماز مغرب اور نماز عشاءاکٹھی ادا کریں گے اور کنکریاں چننے کے بعد رات کھلے آسمان کے نیچے مزدلفہ میں قیام کریں گے۔
دس ذوالحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی منیٰ واپس پہنچیں گے جہاں پہلے دن بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر قربانی کریں گے اور رمی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحج کو بھی حاجی شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور اس دن بھی رات کا ایک خاص پہر منیٰ میں قیام کرنے کا حکم ہے۔
بارہ ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حاجیوں کی مکہ کے لئے واپسی شروع ہوجائےگی۔ 12 ذوالحج مغرب سے پہلے پہلے تمام حاجیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ مسجد حرام پہنچ کر طواف زیارت کریں۔ اسکے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہو جائیں گے۔