اسلام آباد: وزارت خزانہ نے چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ظفر حجازی کو عہدے سے معطل کرنیکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ نے ایف آئی اے تحقیقات کے نتیجے میں شریف خاندان کے ریکارڈ میں ردوبدل میں ملوث پائے جانیوالے چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ظفر حجازی کو عہدے سے معطل کرکے ظفر عبداللہ کو چیئرمین ایس ای سی پی تعینات کرنیکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ گزشتہ روز وزارت خزانہ نے چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور ان کی جگہ سینئر ترین کمشنر ظفر عبداللہ کو تاحکم ثانی چیئرمین ایس ای سی پی تعینات کر دیا گیا۔ ظفر حجازی چوہدری شوگر مل کے ریکارڈ میں رد و بدل کے الزام میں گرفتار ہیں۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جب تک ظفر حجازی کے کیس کا فیصلہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک ان کی جگہ ظفر عبداللہ چیئرمین ایس ای سی پی کے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔