ہیملٹن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں کیویز کے 271 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نا مکمل اننگز 76 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو بابر اعظم 34 اور سرفراز احمد 9 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے تاہم سرفراز 41 کے انفرادی اسکور پر ہمت ہار گئے اور پھر بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لئے سہیل خان وکٹ پر آئے اور 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض صفر، محمد عامر 5 اور عمران خان 6 رنز بنا سکے جب کہ بابر اعظم 90 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 216 زنز پر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں سبقت 55 رنز ہو گئی۔
پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب ٹم ساؤتھی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ نیل ویگنر نے 3 اور کولن گرینڈ ہوم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں ایک ہی پھینکی گئی تھی کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، بعد ازاں امپائر نے تیسرے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں جیت راول کے 55، بی جے واٹلنگ کے 49 اور روز ٹیلر کے 37 رنز کی بدولت 271 رنز بنائے تھے جب کپ پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے 4، عمران خان نے 3، محمد عامر نے 2 اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔