لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز بیرون ملک روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کو این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں مہم کے لیے انچارج مقرر کیا ہے جب کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز ان کے ساتھ کام کریں گے۔ حمزہ شہباز انتخابی مہم شروع ہونے سے قبل ہی نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں اور انہوں نے بیرون ملک رہ کر الیکشن مہم کی نگرانی کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن الیکشن جیتنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، وارڈ لیول تک جو ذمے داریاں دی گئیں ان کی نگرانی کے لیے ٹیمیں بنادی ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا الیکشن اپناا لیکشن سمجھ کرلڑرہا ہوں، وہ میری والدہ کی جگہ ہیں۔ واضح رہےکہ نوازشریف کی جانب سے حمزہ شہباز کو الیکشن مہم سے علیحدہ کیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم بعد میں ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پرویز ملک کو بطور صدر لاہور کی حیثیٹ سے انچارج بنایا گیا ہے۔