پشاور: سزا پانے والے تینوں دہشتگرد پشاور ایئرپورٹ، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے
فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید تین دہشتگردوں کو خیبر پختونخوا کی جیل میں پھانسی دے دی گئی ہے، تینوں دہشتگرد پشاور ایئرپورٹ، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ امن کے مزید تین دشمن انجام کو پہنچے ۔ دہشتگرد ساجد ، بہرام شیر اور فضل غفار کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ تینوں دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں نے سزائے موت سنائی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ساجد، بہرام شیر، فضل غفار پشاور ایئرپورٹ، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تینوں دہشتگردوں کو خیبرپختونخوا کی ایک جیل میں پھانسی دی گئی۔ فوجی عدالتوں سے سزائے موت سنائے جانے کے بعد آرمی چیف نے تینوں دہشتگردوں کے بلیک وارنٹس پر گزشتہ برس دستخط کیے تھے۔