لاہور : بھارت کے معروف میوزک ارینجر اور گلوکار ہیری آنند نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
بھارتی گلوکار کا کہنا تھا کہ والد اردو پڑھتے اوربولتے بھی ہیں، اگر موقع ملا توان کے ہمراہ ہی اپنے نئے جنم کے لیے لاہور یاترا کرونگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بہت سے گلوکاروں اور فنکاروں سے اکثر بیرون ممالک ملاقات ہوتی رہتی ہے لیکن خاص طور پر پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار استاد راحت فتح علی خاں اور جاوید بشیر کے ساتھ کام کرنے کے بعد مجھ میں پاکستان آنے کی خواہش بڑھنے لگی ہے۔ اس لیے میں نے اپنے کچھ قریبی دوستوں سے باقاعدہ دعوت نامہ بھیجنے کے لیے بھی کہا ہے۔
حالانکہ رواں سال اور آئندہ برس بھی میرے پاس کچھ ایسے پروجیکٹس ہیں جن پر کام ہوتا رہے گا لیکن میری پوری کوشش رہے گی کہ میں اپنے والد کے ساتھ پاکستان ضرور آؤں۔ خاص طور پر لاہور آنا چاہتا ہوں تاکہ میرا جنم ہو سکے۔
مجھے لاہور کے لذیز پکوان کھانے ہیں اور شاپنگ کرنے کے ساتھ ساتھ تاریخی عمارتوں اور دیگر علاقوں کی سیربھی کرنی ہے ۔ میں نے لاہور اور یہاں کے لوگوں کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے مگر اب ان سے ملنے کوبہت زیادہ دل چاہتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ جب میں لاہور پہنچوں گا تو لاہور والے اپنی روایت کو برقرار رکھیں گے۔