ہریانا………بھارتی ریاست ہریانا میں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں کوٹہ نہ ملنے کے خلاف جاٹ برادری کا احتجاج جاری ہے، ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
ہریانا میں نہر بند ہونے سے پانی کی قلت ہو گئی ہے جس کے باعث نئی دلی میں آج تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانا میں فوجی گشت کے باوجود جاٹ برادری نے اپنے حقوق کے لیے مختلف اضلاع میں احتجاج کیا ۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے 2 پولیس چوکیوں ، دکانوں، اے ٹی ایم مشینوں اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی۔ کشیدگی کے باعث آٹھ شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ۔نئی دلی کو پانی فراہم کرنے والی نہر سے سپلائی بھی بند کردی گئی ہے جس سے دارالحکومت میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔پانی کی قلت کے باعث آج سے دلی کے تمام اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت میں پانی کا صرف دو روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پانی انتہائی احتیاط کے ساتھ استعمال کریں۔