بہاولپور: بہاولپور پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور خبروں کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بہاولپور کے علاقے صحرائے چولستان میں حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس وقت یہ واضح نہیں کہ یہ حملہ گولہ باری کی صورت میں کیا گیا ہے یا یہ فضائی حملے کی کوشش تھی۔ کچھ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھی بھارت کی جانب سے صوبہ پنجاب کے علاقے فورٹ عباس میں گولہ باری کی گئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے عسکری یا حکومتی ذرائع کی جانب سے تاحال باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے سرکاری ذرائع سے مزید تفصیلات فراہم کیے جانے کا انتطار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی قوتوں کی مداخلت اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کے بعد جاری کشیدگی میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم بھارتی فوج کی جانب سے تاحال مختلف سرحدی محاذوں پر حملہ جاری رکھا گیا ہے۔ جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کاروائی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے قوم کو لائن آف کنٹرول کی گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدت میں کسی حد تک کمی آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراب کی جانے والی اشتعال انگیزی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے موثر جوابی کاروائی کی ہے۔ جبکہ پاک فوج سرحد پر ہر لمحہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔